غزہ میں پولیو کے قطرے پلانے کی مہم رک گئی، عالمی ادارہ صحت

0
46

نیویارک(این این آئی)عالمی ادار صحت (ڈبلیو ایچ او)نے کہا ہے کہ شمال میں شدید بمباری اور بڑھتے ہوئے تشدد کی وجہ سے وہ بدھ کو غزہ میں پولیو ویکسینیشن مہم کے آخری مرحلے کو ملتوی کرنے پر مجبور ہو گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق غزہ کی پٹی کے شمال میں ویکسینیشن کا دوسرا دور شروع ہونا تھا جو محصور فلسطینی سرزمین کے وسطی اور جنوبی حصوں میں پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے لیکن ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ وہ شمالی غزہ میں 119,279 بچوں کو ویکسین پلانے کی مہم ملتوی کرنے پر مجبور ہو گیا۔حماس کو علاقے میں دوبارہ منظم ہونے سے روکنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل نے اس ماہ شمالی غزہ میں ایک بڑا فضائی اور زمینی حملہ شروع کیا۔ڈبلیو ایچ او نے کہاکہ بڑھتے ہوئے تشدد، شدید بمباری، بڑے پیمانے پر نقلِ مکانی کے احکامات اور شمالی غزہ کے بیشتر حصے میں یقینی انسانی تقف نہ ہونے کی وجہ سے مہم روک دی گئی تھی۔ادارے نے مزید کہا، موجودہ حالات بشمول شہری ڈھانچے پر جاری حملے شمالی غزہ میں لوگوں کی حفاظت اور نقل و حرکت کو خطرے میں ڈال رہے ہیں جس سے خاندانوں کا اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے لیے لانا اور صحت کے کارکنوں کے لیے کام کرنا ناممکن ہو گیا ہے۔