پاکستانی امریکن کمیونٹی نے امریکہ کی تعمیر و ترقی میں اہم کر دارادا کیا ہے، ہیلری کلنٹن

0
503

نیویارک (این این آئی)سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی نے امریکہ کی تعمیر و ترقی میں اہم کر دارادا کیا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ کانگریس میں ڈیمو کریٹس کی طرف سے مزید پاکستانی نژادامریکی الیکشن جیت کر آئیں ۔ انہوں نے یہ بات معروف پاکستانی نژاد امریکی اور کیلیفورنیا سے کانگریس کے امیدوار ڈاکٹر آصف محمود کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔تقریب کا اہتمام پاکستانی کمیونٹی کے ممتاز رہنما مرزا خاور بیگ اور شکاگو میں مقیم معروف پاکستانی بزنس مین نوید انور چوہدری کی جانب سے کیا گیا ۔تقریب میں سابق امریکی وزیر خارجہ نے ڈاکٹر آصف محمود کو کیلیفورنیا سے کانگریس کا امیدوار بننے کے فیصلے کی تائید کی جسے پاکستانی امریکن کمیونٹی نے سراہا ۔ ہیلری کلنٹن نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستانی امریکن کمیونٹی نے امریکہ کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کے مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کر دار ادا کیا ہے اور ہمارے لئے بڑی خوشی کی بات ہے کہ پاکستانی امریکن مقامی انتخابات کے بعد اب کانگریس کی سطح پر بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ۔ تقریب سے خطاب میں مرزا خاور بیگ نے کہاکہ ڈاکٹر آصف محمود نے پاکستان میں کورونا کو کنٹرول کر نے کیلئے مفت ویکسین بھجوانے میں جو کر داراداکیا تھا اس پر پاکستانی عوام ان کے شکر گزار ہیں اور انہوںنے ہمیشہ پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے اپنافعال کر داراداکیا ہے ۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں شکاگو میں مقیم پاکستانی بزنس مین نوید انور چوہدری نے کہاکہ ہمارے لئے بہت خوشی اور فخر کی بات ہے کہ معروف پاکستانی امریکن شخصیت ڈاکٹر آصف محمود کیلیفورنیا سے کانگریس کا الیکشن لڑ رہے ہیں اور پاکستانی کمیونٹی ان کی کامیابی کیلئے اپنا بھرپور کر دارادا کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ اس تقریب میں امریکہ کی سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کی آمد ہمارے لئے خوشی کا باعث ہے اور ہیلری کلنٹن نے پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل میں ہمیشہ دلچسپی لی ہے ۔
٭٭٭٭٭