پاک آرمی اور پی ایل اے برادرز ان آرمز ثابت ہوئے ہیں، آرمی چیف

0
156

راولپنڈی (این این آئی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک اور چین کی افواج برادرز ان آرمز ثابت ہوئے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 95 ویں سالگرہ کی مناسبت سے جی ایچ کیو میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں چین کے سفیر اور چینی سفارت خانے کے حکام نے تقریب میں خصوصی شرکت کی اور چینی سفیر نے تقریب کی میزبانی پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر چینی سفیر نے کہاکہ پاکستان اور چین میں برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس حال ہی میں منعقد ہوا جو باہمی تعلقات میں نئی پیشرفت ہے، پاک چین فوجی تعاون کے فروغ کے لیے نیا سیٹ اپ بنایا گیا ہے، یہ نظام فوجی رابطوں میں فروغ کے لیے اہم پلیٹ فارم ثابت ہو گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے چین کے دفاع، سلامتی اور قومی تعمیر میں پیپلز لبریشن آرمی کے کردار کو سراہا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کی جڑیں گہری ہیں، پی ایل اے اور پاک آرمی برادرز ان آرمز ثابت ہوئے ہیں اور مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے درمیان ہر سطح پر تعاون جاری رہے گا۔