ذیابیطس کے پھیلاؤ کی سب سے بڑی وجہ آگاہی کا فقدان ہے، سردار ایاز صادق

0
53

اسلام آباد (این این آئی)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ذیابطیس کی بڑھتی شرح کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ذیابیطس کے پھیلاؤ کی سب سے بڑی وجہ آگاہی کا فقدان ہے،ذیابیطس کے انسانی صحت پر مضر اثرات سے بچاؤ کے لیے عوام میں آگاہی اور شعور اجاگر کرنا ضروری ہے، غیر صحت مندانہ غذاؤں کے استعمال اور صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ نہ لینے سے ذیابیطس کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ذیابیطس کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ ذیابیطس کے منفی اثرات سے بچاؤ کے لیے بروقت طبی معائنہ اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، بروقت علاج اور صحت مند طرزِ زندگی اختیار کر کے ذیابیطس کے مریض صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں، خوراک میں توازن اور جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کے مضر اثرات سے بچنے کیلئے باقاعدگی سے طبی معائنہ کرانا ضروری ہے،احتیاطی تدابیر اور آگاہی مہمات کے ذریعے اس مرض کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے،حکومت، سول سوسائٹی، اور میڈیا مل کر ذیابیطس کے مرض سے متعلق عوام میں شعور اور آگاہی اجاگر کریں۔