تل ابیب (این این آئی )اسرائیلی فوج کی غزہ میں جاری بمباری کے باعث اب تک 70 فیصد فلسطینی بچوں اور عورتوں سمیت کل 43972 فلسطینی قتل ہو چکے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس فلسطینی قتل عام کو عالمی ادارے اور بے شمار ملک فلسطینیوں کی نسل کشی کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی بھی قرار دیتے ہیں۔غزہ میں قائم فلسطینی وزارت صحت نے اس سلسلے میں تازہ ترین اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 50 فلسطینی قتل کیے گئے ہیں۔وزارت صحت کے مطابق اب تک اسرائیلی فوج نے 104008 فلسطینیوں کو زخمی کیا ہے۔ ان زخمیوں کے لیے غزہ میں کوئی ایک بھی ہسپتال مکمل طور پر بروئے کار نہیں ہے۔