ریاض (این این آئی )سعودی عرب اور ایران نے بیجنگ میں طے پائے معاہدے کو عملی شکل دینے کے لیے کوششیں تیز کرنے اور معاہدے کے تمام نکات پر عمل درآمد کے نفاذ کے عزم کا اظہار کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بیجنگ معاہدے میں طے پائے مشترکہ سعودی چینی ایران سہ فریقی کمیٹی کا دوسرا اجلاس ریاض میں منعقد ہوا جس کی سربراہی سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ انجینیر ولید الخریجی نے کی۔ اس موقعے پرجمہوریہ چین کے نائب وزیر خارجہ ڈینگ لی اور ایرانی وفد کی سربراہی اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور ڈاکٹر مجید تخت روانچی نے کی۔اس موقعے پر سعودی اور ایرانی حکام نے بیجنگ معاہدے کو اس کی تمام شقوں میں نافذ کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اقوام متحدہ کے چارٹر، اسلامی تعاون تنظیم کے چارٹر کے ساتھ وابستگی کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان اچھے ہمسایہ تعلقات کو مستحکم کرنے کی کوشش جاری رکھی۔ دونوں ممالک بین الاقوامی قانون،ریاستوں کی خودمختاری، آزادی اور سلامتی کے احترام کے اصول پرعمل پیرا ہیں۔سعودی عرب اور ایران نے بھی عوامی جمہوریہ چین کے مسلسل مثبت کردار اور بیجنگ معاہدے کے نفاذ کے لیے اس کی حمایت اور پیروی کی اہمیت کا خیرمقدم کیا۔چین نے سعودی عرب اور ایران کی جانب سے مختلف شعبوں میں اپنے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی حمایت اور حوصلہ افزائی جاری رکھنے کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔اسی تناظرمیں تینوں ممالک نے سعودی عرب ایران تعلقات میں مسلسل پیشرفت اور دونوں ممالک کے درمیان تمام سطحوں اور شعبوں میں براہ راست رابطے کے مواقع فراہم کرنے کا خیرمقدم کیا۔ ان رابطوں، ملاقاتوں اور اعلی حکام کے درمیان باہمی دوروں کی بڑی اہمیت کا ذکر کیا۔شرکا نے دونوں ممالک کے درمیان قونصلر خدمات میں ہونے والی پیشرفت کا بھی خیرمقدم کیا جس سے 87,000 سے زائد ایرانی عازمین حج اور 52,000 سے زائد ایرانیوں نے 2024 کے پہلے دس مہینوں کے دوران آسانی اور سلامتی کے ساتھ عمرہ کی رسومات ادا کیں۔اس کے علاوہ انہوں نے سعودی ۔ ایران مشترکہ میڈیا کمیٹی کے پہلے اجلاس کے انعقاد اور شہزادہ سعود الفیصل انسٹی ٹیوٹ فار ڈپلومیٹک اسٹڈیز اور انسٹی ٹیوٹ آف پولیٹیکل اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز آف ایران کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کیا۔