ایران نے جوہری پروگرام پر بات چیت کیلئے رضامندی ظاہر کردی

0
79

تہران (این این آئی)ایران نے جوہری پروگرام پر مغرب کے ساتھ بات چیت کے لیے رضامندی ظاہر کردی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران نے کہا ہے کہ جوہری پروگرام کے حوالے سے 29 نومبر کو برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے نائب وزرائے خارجہ کے ساتھ بات چیت ہوگی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ایران جوہری پروگرام اور خطے کی صورتِ حال کے بارے میں اسی ہفتے برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے ساتھ تبادلہ خیال کرے گا۔ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ مذاکرات 29 نومبر کو ہوں گے تاہم یہ نہیں بتایا ہے کہ یہ مذاکرات کس جگہ ہوں گے۔دوسری جانب اسرائیلی چینل 12 کے کروائے گئے سروے میں، 54 فیصد شرکائ نے لبنان پر حملوں کو روکنے کے لیے جنگ بندی معاہدے پر دستخط کی حمایت کردی ہے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی انتظامیہ کی جانب سے جنگ بندی معاہدے پر دستخط کی مخالفت کرنے والوں کی شرح 24 فیصد رہی۔سروے میں شریک ہونے والے 79 فیصد افراد نے 7 اکتوبر 2023 کے واقعات کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی حمایت کردی جبکہ 8 فیصد نے کمیشن کی تشکیل کی مخالفت کی ہے۔اسرائیلی حکومت کی کارکردگی کے بارے میں سوال کے جواب میں 64 فیصد شرکاء کا کہنا تھا کہ وہ نیتن یاہو کی حکومت کے موجودہ ملک چلانے کے طریقے پر اعتماد نہیں کرتے جبکہ 30 فیصد شرکا کی جانب سے اعتماد کا اظہار کیا گیا۔