اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کی لازوال دوستی سرحدوں کی محتاج نہیں، دونوں ملکوں کے ایک دوسرے کے ساتھ سدا بہار تعلقات ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سیاحتی شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ کے قیام سے ترک ثقافت کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ جمعرات کو یہاں یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ ، ترکش کلچر سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، ترکیہ ہمارا ایسا دوست ہے جس کیساتھ ہماری لازوال دوستی ہے جو سرحدوں کی محتاج نہیں، دونوں ممالک کے عوام دوستی کے مضبوط رشتے سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عظیم صوفی شاعر یونس ایمرے جنہیں یونس درویش بھی کہا جاتا ہے، کی شاعری اور کہاوتیں آج بھی ترک ثقافت میں اہمیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت ہی ایک دوسرے کو آپس میں جوڑتی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ڈاکٹر خلیل توکار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں رہ کر ترک ثقافت کو جس طرح فروغ دیا، یقیناً داد کے مستحق ہیں۔ یہ ایسے لوگ ہیں جو ملکوں کے درمیان اچھے تعلقات قائم کرنے کے لئے بے لوث کام کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے ترکیہ کے ساتھ شراکت داری بڑھانے کے لئے استنبول میں ہیڈ آف کمیونیکیشن سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جس طریقے سے ترکیہ کے ڈرامے پاکستان میں مقبولیت حاصل کر رہے ہیں اسی طرح پاکستان کے ڈرامے ترکیہ میں پیش کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بہت سی چیزیں مشترکہ ہیں جو زبان، ثقافت، مذہب کی شکل میں نظر آئیں گی، یہی وجہ ہے کہ یہ نہ ٹوٹنے والا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی طور پر ہم ایسے مضبوطی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں کہ علامہ اقبال کا ایک مزار قونیہ کے اندر بھی ہے، مولانا رومی کے مزار کے ساتھ علامہ اقبال کی علامتی قبر بنائی گئی ہے، اس تعلق کو بیان کرنا ہی مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے آپس کے روابط سے تعلقات مزید بڑھتے ہیں۔ یونس ایمرے انسٹیٹوٹ کلچرل سنٹر کے یہاں قیام سے ثقافت اور عوام کے باہمی روابط کو مزید فروغ ملے گا اور ترکیہ کی ثقافت کو ہمارے لوگوں کو سمجھے اور آگے لے کر چلنے میں مدد ملے گی۔وفاقی وزیر عطائ اللہ تارڑ نے ثقافتی تبادلوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام سے عوام کی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے کے لئے سیمینارز منعقد کئے جائیں، تھنک ٹینکس کو بٹھایا جائے اور پاک ترکیہ تعلقات اور ثقافت کو فروغ دینے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے عظیم شعراء ڈاکٹر علامہ محمد اقبال اور یونس ایمرے کے حوالے سے ثقافتی گروپس تشکیل دینے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے ادیب اور شعرا ایک دوسرے کے ممالک کا دورہ کریں۔ ہماری کوشش ہے کہ ان عظیم شعرا کے کام کو آگے لے کر چلیں جس کے ذریعے دونوں ممالک اور لوگوں کے درمیان مزید ہم آہنگی پیدا ہو اور ہم دنیا کو امن، بھائی چارے اور ہم آہنگی کا پیغام دے سکیں۔
مقبول خبریں
جمہوریت کے استحکام اور قومی مسائل کے حل کیلئے مذاکرات ضروری ہیں،مصدق ملک
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ جمہوریت کے استحکام اور قومی مسائل کے حل کے لئے...
وزیر داخلہ محسن نقوی نے سٹیٹ آف دی آرٹ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈکوارٹرز کی...
اسلام آباد (این این ئی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن...
پاکستان اور ترکیہ کی لازوال دوستی سرحدوں کی محتاج نہیں، وزیراطلاعات
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ثقافتی روابط کو...
ٹیکسز کی وصولی بہتر بنانے کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا آغاز کرچکے، وزیر خزانہ
اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا آغاز کرچکے ہیں، آمدنی اور کھپت کے...
مریم نواز کی ہدایت پر محکمہ داخلہ کا اقدام، قیدیوں کو بڑی سہولت مل...
لاہور(این این آئی)وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر محکمہ داخلہ نے اہم اقدام کرتے ہوئے جیل میں قیدیوں کے پی سی او فون...