پشاور(این این آئی) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کرم معاملے کے پائیدار اور دیر پا حل کیلئے کوشاں ہے۔اپنے ایک بیان میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ کوہاٹ میں گرینڈ جرگہ دو دن کے وقفے کے بعد آج دوبارہ شروع ہوگا، جرگے نے ایک فریق کو مشاورت کے لیے دو دن کا وقت دیا تھا، آج دونوں فریقین کے درمیان معاہدے کا قوی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین تقریباً تمام نکات پر متفق ہیں، خیبر پختونخوا حکومت تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کے لیے کوشاں ہے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپورکی کوششوں سے ایک صدی سے زائد پرانا تنازع پائیدارحل کے قریب ہے۔بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ بنکرز اور اسلحے کے خاتمے سے علاقے میں مکمل امن قائم ہوگا، اپیکس کمیٹی کے فیصلے کے مطابق علاقے کو اسلحے سے پاک کیا جائے گا، معاہدے کے بعد سڑک کھولنے کے حوالے سے بھی خوشخبری ملے گی۔