وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے سعودی شہزادہ منصور کی ملاقات، پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت

0
24

لاہور(این این آئی)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے سعودی عرب کے شہزادہ منصور کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی ہے۔ سعودی عرب کے صوبہ حفر الباطن کے سابق گورنر شہزادہ منصور نے و زیراعلی پنجاب مریم نواز سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا،اس موقع پر مر یم نواز نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی گفتگو کی ۔ملاقات کے دوران مریم نواز شریف نے انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم اور مذہبی سیاحت کے شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کی دعوت دی اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کیلئے ہمیشہ برادرانہ تعاون کو سراہا۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ سعودی عرب بڑا بھائی ہے، دونوں ممالک کے عوام کے دل یکساں دھڑکتے ہیں، پنجاب حکومت نے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کیلئے سکیورٹی اور میرٹ کو یقینی بنایا ہے، سعودی سرمایہ کاروں کو سپیشل پیکج کے تحت مراعات دی جائیں گی۔اس موقع پر شہزادہ منصور نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خطے کے استحکام اور ترقی کیلئے نہایت اہم ہیں، سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔