شدید دھند کی وجہ سے نظام زندگی متاثر ،موٹر ویز کے مختلف سیکشنز ٹریفک کیلئے بند

0
16

لاہور/پشاور/مظفر آباد( این این آئی)پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے نظام زندگی بری طرح متاثر رہا،قومی شاہراہ پردھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی جس کے باعث موٹر ویز کے مختلف سیکشنز کو ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا ،فضائی اور ٹرین آپریشن کاشیڈول بھی متاثر ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات درپیش رہیں۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن ، عبدالحکیم موٹر وے ایم 3 ،موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد جبکہ لاہور سیالکوٹ ایم 11 بھی دھند کے سبب بند رہی۔ حد نگاہ بہتر ہونے پر موٹر وے کو مرحلہ وار کھول دیا گیا ۔ جی ٹی روڈ سمیت شہروںکے اندر بھی شدید دھند سے راستے گم رہے ۔ ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر ویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں۔دوسری جانب ملک بھرمیں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، بالائی علاقوں میں غضب کی ٹھنڈ پڑنے لگی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا ہ کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث پارا نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر گیا، دریا، آبشاریں اور جھیلیں جم گئیں۔شدید سردی اور برفباری کے باعث شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، خوراک اور ادویات کی قلت پیدا ہوگئی۔وادی نیلم میں شدید بارش اور برفباری سے نظام زندگی متاثر ہوگیا، قلات میں درجہ حرارت منفی 10، زیارت میں منفی 9، گوپس اور کوئٹہ میں پارا منفی 7 کو چھو گیا جبکہ لہہ منفی 5 اور استور میں درجہ حرارت منفی 4 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔حالیہ برفباری کے بعد بالائی علاقوں کی شاہراہوں پر پھسلن ہونے لگی، مقامی انتظامیہ نے ٹرانسپورٹرز کو غیر ضروری سفر سے اجتناب برتنے کی ہدایت کر دی۔