پراپرٹی و تعمیراتی شعبے کو ریلیف دینے کیلئے مختلف تجاویز ٹاسک فورس اور وزارت ہاؤسنگ نے ا یف بی آر کو فراہم کر دیں

0
96

اسلام آباد(این این آئی)پراپرٹی اور تعمیراتی شعبے کو ریلیف دینے کیلئے مختلف تجاویز ٹاسک فورس اور وزارت ہاؤسنگ نے ایف بی آر کو فراہم کر دیں۔تفصیلات کے مطابق پراپرٹی اور تعمیراتی شعبے کو ریلیف دینے کیلئے مختلف تجاویز تیار کرلی گئی، وزیراعظم نے تعمیراتی شعبہ کی بحالی کیلئے ٹاسک فورس قائم کی تھی،ٹاسک فورس اور وزارت ہاؤسنگ نے تجاویز ایف بی آر کو فراہم کر دیں۔دستاویز کے مطابق نان فائلرز ایک کروڑ روپے مالیت تک کی جائیداد خرید سکیں گے۔پراپرٹی کی فروخت سے متعلق236 سی میں ٹیکس کی شرح کم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔مختلف کیٹگریز میں ٹیکس4 سے کم کرکے ڈیڑھ سے دو فیصد کرنے،پراپرٹی کی خریداری پر ٹیکس3 سے کم کرکے0.5 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔دستاویزکے مطابق پراپرٹی کی لین دین میں مجموعی طور پر11 سے 14فیصد ٹیکس عائد ہیں، پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ٹیکسز4 سے 4.5 فیصد تک کرنے کی تجویز ہے۔ فائلرز کو 5 کروڑ روپے کی پراپرٹی کو ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں شامل کرنے کی سہولت ملے گی۔دستاویزکے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کیلئے پراپرٹی کی خریداری میں آسانیاں پیدا کی جائیں گی، اوورسیز پاکستانیوں کو نادرا سے آن لائن رجسٹرڈ ہونے کی سہولت دی جائے گی۔