سپریم کورٹ کے نئے ججز نے حلف اٹھا لیا’چیف جسٹس نے حلف لیا

0
45

اسلام آباد، کراچی (این این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان کے نئے ججز نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ میں حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ میں نئے تعینات ہونے والے 6 ججوں سے حلف لیا۔جسٹس عامر فاروق، جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس شکیل احمد، جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس صلاح الدین پنہور نے سپریم کورٹ کے جج کا حلف اٹھایا۔تقریبِ حلف برداری میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج محسن اختر کیانی، اٹارنی جنرل، وکلاء ، لاء افسران اور عدالتی اسٹاف نے شرکت کی۔واضح رہے کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے نئے ججوں کی تقرری کی منظوری دی تھی۔دوسری جانب قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس جنید غفار نے بھی عہدے کا حلف اٹھا لیا۔کراچی میں گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل، سندھ ہائیکورٹ کے ججز، ایڈووکیٹ جنرل سندھ اوردیگر نے شرکت کی۔