کرم میں 183 بنکرز مسمار، 129 گاڑیوں کا قافلہ روانگی کیلئے تیار

0
38

کرم (این این آئی)ضلع کرم میں کوہاٹ امن معاہدے کے تحت متحارب فریقین کے بنکرز کے خاتمے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق لوئر کرم اور اپر کرم میں موجود مورچوں کو مسمار کیا جا رہا ہے تاکہ علاقے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق لوئر کرم کے علاقوں بالش خیل اور خار کلی میں اب تک 117 بنکرز جبکہ اپر کرم کے گاؤں پیواڑ اور تری منگل میں 66 بنکرز کو مسمار کیا جا چکا ہے۔ مجموعی طور پر ضلع کرم میں اب تک 183 بنکرز گرا دیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ضلع کرم نے واضح کیا ہے کہ امن معاہدے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور ضلع کے اندر موجود تمام بنکرز کو مسمار کر دیا جائے گا تاکہ علاقے میں دیرپا استحکام برقرار رکھا جا سکے۔دوسری جانب تحصیل ٹل سے کرم کے لیے کانوائے کی روانگی کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر گوہر زمان وزیر کے مطابق قافلے میں اشیائے خوردونوش سے لدی 129 سے زائد مال بردار گاڑیاں شامل ہیں۔ڈی سی گوہر زمان وزیر کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر 40 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ کرم کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے، جبکہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی ضرورت مند عوام کو سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق کانوائی کی سیکیورٹی کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ راستے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔