صنعا(این این آئی)یمن میں ایران کے اتحادی حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں پر امریکی فضائی حملے کئی دنوں سے جاری ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حوثیوں کو مکمل تباہی کی دھمکی دی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق پینٹاگون نے تصدیق کی ہے کہ اسے ٹرمپ کی جانب سے حوثیوں کو نشانہ بنانا جاری رکھنے کا حکم ملا ہے۔ پینٹاگون نے بتایا کہ ہمارے پاس مشرق وسطی میں حوثیوں پر حملہ کرنے کی بڑی صلاحیتیں موجود ہیں۔ ہم حوثیوں کی فوجی صلاحیتوں کو تباہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔پینٹاگون کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم نے حالیہ حملوں میں حوثیوں سے منسلک افراد کو نشانہ بنایا ہے۔ معلومات اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ ایرانی حوثیوں کو ہتھیاروں کی سمگلنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب امریکہ نے بدھ کے اوائل میں صنعا، صعدہ، البیضا اور الجوف میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔