لندن (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیراعظم محمد نوازشریف سے وائس چیئر مین اوورسیز پنجاب کمیشن بیرسٹر امجدکی قیادت میں پارٹی رہنماﺅں کے وفد نے ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر امجد ملک نے بتایا کہ نوازشریف کی پارٹی کے سینئر حکام سے ملاقات خوشگوار رہی ،میاں صاحب بھی خوشگوار موڈ میں تھے ،انہوںنے پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت کی کار کر دگی کو سراہا ۔ انہوںنے بتایا کہ نوازشریف نے کہاکہ شہبازشریف اچھا کام کررہے ہیں اور انہیں میرا اعتماد حاصل ہے ،مریم نوازشریف میرٹ پر آئی ہیں اور وہ صوبے میں جو کام کررہی ہیں و ہ نظر آرہا ہے ۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہاکہ نوازشریف لاہور میں سیاحت کے فروغ کےلئے کوشش کررہے ہیں تاکہ دنیا بھر سے لوگ لاہور پہنچ کر اس کی تہذیب و ثقافت کو دیکھیں اس سے ملک میں سرمایہ کاری ہوگی ۔ملاقات کے دور ان نواز شریف نے واضح کیا کہ ان کی تمام تر توجہ میرٹ پر ہے اور ہر سطح پر ان کی ترجیح میرٹ ہی ہے اس سلسلے میں انہوںنے تجاوزات کے خلاف آپریشن اور قرض فراہمی سکیم کا ذکر کیا جس میں پوری طرح میرٹ پر کام کیا جارہاہے ۔انہوںنے کہاکہ ہم اس وقت بحالی کے مراحلے میں ہیں اگر وقت مل جائے تو اس مرحلے سے آگے ترقی کے مرحلے میں داخل ہو جائینگے ۔پارٹی رہنماﺅں سے گفتگو میں نوازشریف نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ جہاں میری ذمہ داری بنتی ہے وہاں اپنا کر دار ادا کررہا ہوں ۔