ترقی کے اہم کردار محنت کش مرد و خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، صدر،وزیراعظم

0
26

اسلام آباد(این این آئی)صدر آصف علی زرداری اوروزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترقی کے اہم کردار محنت کش مرد و خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،پہلی بار مزدور قومی پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت کی پروفائل سے مستفید ہو رہا ہے۔جمعرات کوصدر مملکت نے عالمی یومِ مزدور پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ مزدور محنت کشوں کی اپنے حقوق اور وقار کیلئے جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ مزدوروں کی خودمختاری، منصفانہ اجرت، محفوظ ماحول، سماجی تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔صدرِ مملکت نے بتایا کہ مزدور اور محنت کش طبقہ ہماری معیشت اور قومی ترقی کا محرک ہے اور مزدور ہمارے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں مزید کہا ہے کہ مزدور صنعتوں، زراعت اور معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ہمارے کارکن ہمارا فخر ہیں۔ ہماری قومی ترقی محنت کشوں کی محنت اور کردار کی مرہون منت ہے۔عالمی حالات کے تناظر میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتی دنیا میں کارکنوں کے روشن مستقبل کیلیے انہیں ہنرمند بنانا ہوگا۔عالمی یوم مزدور اور مستقبل کی پیش بندی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدرِ مملکت نے بتایا کہ ہمیں اپنے کارکنوں اور نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے اور مزدوروں کی ہنرمندی کیلیے ایک جامع نظام بنانے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ایک منصفانہ لیبر ماحول اور مزدوروں کی فلاح و بہبود پر کام کرنا ہوگا۔مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پہلی بار پاکستان میں مزدور قومی پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت کی پروفائل سے مستفید ہو رہا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ مز دوروں کے تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے اہم قانون سازی اور انتظامی اصلاحات کی ہیں، پہلی بار پاکستان میں مزدور قومی پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت کی پروفائل سے مستفید ہو رہا ہے، ملک میں روزگارکے حصول کے ماحول کو محفوظ اور صحت مند جگہوں میں تبدیل کرنے کو یقینی بنا رہا ہے۔ادھر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی کہا کہ ہماری زندگی آسان بنا نے والے ہاتھوں کو سلام ہے، ہر مزدور قابلِ فخر ہے۔دوسری جانب چیئرمین این آئی آر سی شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ محنت کش کے حقوق کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہیں، محنت کش طبقے کا قومی ترقی میں اہم کردار ہے، این آئی آر سی کا بنیادی مقصد ملک میں صنعت کا پہیہ رواں رکھنا ہے، صنعت چلتی رہے گی تو مزدور کا چولہا جلتا رہے گا۔