وزیراعظم ،فیلڈ مارشل کا پختہ عزم ہے فتنہ ہندوستان کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا ‘ عطا اللہ تارڑ

0
32

لاہور( این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کی واحد قوم ہے جس کے بچوں نے بھی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں، ان معصوم جانوں کی قربانی کو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا،10 تاریخ کو بھارت نے دوبارہ حملے کیے اور اسی روز بلوچستان میں 30 مختلف مقامات پر حملے کیے گئے جو ایک منظم اور مربوط کارروائی کا حصہ تھے، سکول جاتے ہوئے بچوں کی بس پر حملہ ذہنی پستی اور دشمن کی بزدلی کی عکاسی کرتا ہے۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے شہید ہونے والے بچوں کے اہل خانہ کے حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے سانحات کے باوجود قوم کے حوصلے پست نہیں ہوئے،چاہے اے پی ایس کا واقعہ ہو، بھارتی جارحیت ہو یا بلوچستان میں حالیہ حملے، ہماری قوم نے ہر محاذ پر قربانیاں دیں۔عطا تارڑ نے بھارتی میڈیا پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وہاں فتنہ ہندوستان کے عناصر کے انٹرویوز دکھائے جا رہے ہیں، جو دراصل دہشتگردوں کی پشت پناہی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ واضح پیغام ہے کہ انہوں نے بچوں پر ہاتھ ڈالا ہے ہم انہیں نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل دونوں کا پختہ عزم ہے کہ فتنہ ہندوستان کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔خضدار دھماکے کا حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھا اور اس حملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔عطا اللہ تارڑ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔