پہلاچائنا پاکستان ڈوئل ڈگری پروگرام قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں شروع کیا جائیگا’ ڈاکٹر مختار احمد

0
227

اسلام آباد( این این آئی)ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈوئل ڈگری پروگرام کے لیے پالیسی بنا رہے ہیںاور اسے بہتر کر رہے ہیں،پہلاچائناپاکستان ڈوئل ڈگری پروگرام قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں شروع کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے تانگ انٹرنیشنل ایجوکیشن گروپ کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات میں کیا جس کی قیادت ڈائریکٹر اور ایگزیکٹو صدر میکس ما کر رہے تھے۔ ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ پاکستان میں 57 یونیورسٹیاں اور کالجز ہیں جو پیشہ ورانہ تعلیم کے لیے پرعزم ہیں،مستقبل میں مزید کو پیشہ ورانہ اداروں میں تبدیل کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ ایچ ای سی کی جانب سے باضابطہ طور پر منظور شدہ پہلا چائنا پاکستان ڈوئل ڈگری پروگرام قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں مائننگ انجینئرنگ میں ٹیلنٹ کی تربیت کے لیے شروع کیا جائے گا، جو چینی تعاون سے مزید پریکٹیکل نالج اور تجربہ فراہم کرنے میں دیگر پاکستانی یونیورسٹیوں کے لیے ایک ماڈل بن جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ چین میں 700 سے زائد ووکیشنل ایجوکیشن گروپس میں سے تانگ انٹرنیشنل ایجوکیشن گروپ نے 210 انتہائی ضروری اداروں کا انتخاب کیا ہے جو پاکستان میں سی سی ٹی ای ماڈل کے تحت متعارف کرائے جائیں گے۔سی سی ٹی ای(چین پاکستان ڈوئل ڈپلومہ/ڈگری اور چین پاکستان تعاون، چینی زبان کے کورسز اور چینی کمرشل کلچرل کورسز، ٹیکنیکل ایجوکیشن کے مضامین اور ٹیکنالوجی میں تعلیم اور مزید تعلیم اور روزگار) کے لیے مختصر، تعلیم کے ذریعے تیار کیا گیا ایک ماڈل ہے۔ سی سی ٹی ای پروگراموں میں حصہ لینے والے طلبا ء پہلے دو سال پاکستان میں اور تیسرے سال چین میں دونوں طرف سے ڈگریاں حاصل کرنے سے پہلے سیکھیں گے۔ مئی 2021 میں پاکستان میں باضابطہ طور پر شروع ہونے کے بعد سے تانگ انٹرنیشنل ایجوکیشن گروپ پاکستان چین پیشہ ورانہ تعلیمی تعاون کو تیز رفتاری سے سہولت فراہم کر رہا ہے۔