اسلام آباد،واشنگٹن(این این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستانی نمائندے آئندہ ہفتے امریکا کا دورہ کرنے والے ہیں تاکہ دو طرفہ ٹیرف پر مذاکرات کیے جا سکیں، امریکا بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدے کے قریب ہے اور پاکستان کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان اور بھارت کے ساتھ تجارت کی بات کی، واضح کیا جو ایک دوسرے پر گولیاں چلائیں گے ان ممالک سے تجارت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان اور بھارت سے بات چیت کررہے ہیں، ہم ایٹمی جنگ کو تجارت کے بدلے روکنے میں کامیاب ہوئے، فخر ہے ہم جنگ بندی میں کامیاب ہوئے، عام طور پر وہاں گولیاں چلتی ہیں لیکن ہم نے تجارت پر بات کی، پاکستانی حکومت کے نمائندے آئندہ ہفتے آرہے ہیں، دونوں ملک جنگ کریں گے تو میرے پاس ان کے لئے کچھ نہیں ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور حماس جنگ بندی کے قریب ہیں، غزہ میں جنگ بندی سے متعلق آج یا کل خبر دوں گا، امریکی حکام 60 دن کی جنگ بندی سے متعلق حماس کے جواب کے منتظر ہیں، امریکا ایران جوہری پروگرام معاہدے کے قریب ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ سے تجارت اور ٹیرف پر بات کروں گا، امید ہے تجارت اور ٹیرف پر امریکا چین اختلافات دور ہو جائیں گے، ٹیرف کے معاملے پر عدالتی جنگ جیتنا چاہتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی طلبہ کو فی الحال امریکا سے نہیں نکال رہے، ہارورڈ یونیورسٹی کے ساتھ لڑائی کے باوجود چاہتا ہوں غیر ملکی طلبہ یہاں تعلیم حاصل کریں۔