تہران (این این آئی )ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کو سات دن گزرنے کے بعد ایران نے امریکہ کو براہ راست خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی تیسرے فریق نے اس تنازع میں مداخلت کی، تو اسے فوری اور واضح ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی قومی سلامتی کونسل نے ایک بیان میں کہا کہ “اگر کسی تیسرے فریق نے جارحیت میں دخل اندازی کی، تو اس پر طے شدہ منصوبے کے تحت فوری کارروائی کی جائے گی”۔اسی روز ایران کی مجلسِ نگہبان نے بھی سرکاری ٹی وی پر جاری بیان میں امریکا کو خبردار کیا کہ اگر واشنگٹن نے اسرائیلی حملوں کی عسکری حمایت کی تو تہران کی جانب سے سخت جواب دیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکہ اور اس کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی غلطی کا نتیجہ بھرپور ردعمل کی صورت میں نکلے گا۔