لڑکوں کی لڑکیوں سے حد سے زیادہ توقعات بھی تعلقات ٹوٹنے کا ایک سبب ہیں، احسن خان

0
22

کراچی (این این آئی)معروف اداکار احسن خان کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں مرد و خواتین کو محبت میں ایک دوسرے سے حد سے زیادہ توقعات کی وجہ سے بھی خرابیاں پیدا ہو رہی ہیں جب کہ لڑکوں کی بلاوجہ لڑکیوں سے توقعات بھی رشتے ٹوٹنے کا ایک سبب ہیں۔احسن خان نے حال ہی میں فوچیا میگزین کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے شوبز کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔پروگرام کے دوران انہوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں آج کل کے والدین اپنے بیٹوں کی درست تربیت نہیں کرتے یا ان کی تربیت پر توجہ نہیں دی جاتی۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے والدین نے بھی انہیں ہر چیز نہیں سکھائی، انہوں نے خود گزرتے وقت اور زندگی سے بہت کچھ سیکھا۔ان کے مطابق ہمارے سماج میں لڑکیوں کے لیے زیادہ مسائل ہوتے ہیں، شادی کے بعد لڑکی کو دوسرے گھر جانا ہوتا ہے،جہاں کا ماحول بالکل مختلف ہوتا ہے۔احسن خان نے کہا کہ لڑکا صرف شادی کرکے لڑکی کو گھر لے آتا ہے، جہاں لڑکی تمام نئے افراد سے ملتی ہیں، اس لیے ان کے لیے مسائل زیادہ ہوتے ہیں۔اداکار نے لڑکیوں اور خواتین کی خود مختاری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ہے کہ پاکستانی سماج میں لوگ اپنی بیٹیوں پر سرمایہ کاری نہیں کر رہے، انہیں مضبوط نہیں بنا رہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم لڑکیوں کا اتنا مضبوط بنائیں کہ انہیں کسی سہارے کی ضرورت نہ پڑے، وہ تمام کام خود کریں۔
٭٭٭٭٭٭