بلوچستان،طوفانی بارشوں کی تباہ کاریاں، ہلاکتوں کی تعداد 196 ہوگئی

0
585

کوئٹہ (این این آئی)بلوچستان میں 24 گھنٹوں کے دوران جاری بارشوں اور سیلاب کے باعث مزید 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کے بعد اموات کی تعداد 196 ، زخمیوں کی تعداد 81 ہوگئی۔ صوبے میں ہلاک مویشوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہوگئی ، 19ہزار سے زائد مکانات بھی متاثر ہوچکے ہیں۔ محکمہ صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اتوار کو قلعہ عبداللہ سے ایک جبکہ موسیٰ خیل سے 7 اموات کی تصدیق ہونے کے بعدصوبے میں اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 196 ہوگئی ہے۔ڈیرہ بگٹی میں 3 افراد کے زخمی ہونے کے بعد مجموعی طور پر زخمی ہونے والوں کی تعداد 81 ہوگئی ہے۔رپورٹ کے مطابق قلعہ عبداللہ میں 30مکانات مکمل ، 15 جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں ، کوہلو میں 10 مکانات مکمل اور 15جزوی طور پر متاثر ہوئے اسی طرح ڈیرہ بگٹی میں بھی 5 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے جس کے بعد صوبے میں سیلاب اور بارشوں کے باعث تباہ ہونے والے مکانات کی تعداد 19ہزار 767ہوگئی ہے۔ان میں سے 5 ہزار 107مکمل ، 14ہزار 660جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ محکمہ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں سیلاب کے باعث ایک لاکھ 7ہزار 377 مویشی ہلاک ہوگئے جبکہ 690 کلو میٹر روڈ اور 18پل تباہ ہوئے ہیں۔