صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی پوری قوم، سمندر پار پاکستانیوں اور عالمی برادری سے سیلاب زدگان کی امداد کی اپیل

0
241

اسلام آباد(این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پوری قوم، سمندر پار پاکستانیوں اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان بھر کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئیں جنہیں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی اشد ضرورت ہے۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بھر میں سیلاب نے لوگوں کی زندگی اور معاش کو تباہ کردیا ہے، پاکستانیوں نے ماضی میں بھی غیر معمولی انسان دوستی کے جذبے کا مظاہرہ کیا ہے، وہ ایک بار پھر آگے آئیں اور سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں کی امدادی کوششوں میں مدد کے لیے دل کھول کر نقد رقم اور اجناس سے اپنا حصہ ڈالیں۔صدر مملکت نے کہا کہ تمام حکومتیں، ادارے ، این جی اوز اور رضاکار متاثرین کو پناہ، خوراک اور طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد کریں ، میڈیا بھی قوم کو رقم اور ضروری اشیاء عطیہ کرنے کی ترغیب دے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ تاریخی بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے، سڑکیں، پل، بند ، مواصلاتی نظام اور نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔صدر نے کہا کہ بین الاقوامی برادری متعلقہ حکومتی اداروں کو اپنی مہارت، ٹیکنالوجی اور درکار مشینری فراہم کرے ، ماضی کی طرح قوم ایک بار پھر سیلاب متاثرین کی مدد کو آئے گی اور وہ مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی اشد ضرورت ہے