آزاد کشمیر حکومت ،مخیر حضرات ،این جی اوز، عام شہری ،اوورسیز کشمیری متاثرین سیلاب زدگان کی مدد کیلئے کلیدی کردار ادا کریں، سردار عتیق احمد

0
251

مظفرآباد/راولپنڈی(این این آئی)آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت ،مخیر حضرات ،بین الاقوامی این جی اوز، عام شہری اوورسیز کشمیری متاثرین سیلاب زدگان کی مدد کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں ۔آزاد کشمیر کے تمام شہروں میں امدادی کیمپ لگائیں جائیں جس میں راشن،بستر،کپڑے،ادویات ،نقد رقوم جمع کر کے بلوچستان میں سیلاب کی وجہ سے متاثر ہونے والے خاندانوں کی بحالی کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔آزادکشمیر کے عوام سیلاب متاثرین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑینگے متاثرین کو ہرقسم کی امداد فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے صوبہ بلوچستان، سندھ ،پنجاب ،خیبرپختونخواہ میں ایک قیامت صغری برپا ہے لوگ بے گھر ،بھوکے پیاسے ،کھلے آسمان تلے کسی مسیحا کے منتظر ہیں اس نازک اور مشکل وقت میں ہمیں ایک قوم بن کر ان متاثرہ لوگوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہو گا۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے مجاہد منزل راولپنڈی میںسردار جنید الطاف صدر مسلم کانفرنس ضلع سدھنوتی ،سردار عابد رزاق مرکزی رہنما مسلم کانفرنس اور سابق صدر ضلع سدھنوتی ،مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما سعید سلطان اور سرداراعجاز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے حکومت ہنگامی اقدامات کرے،اشیاء خودونوش کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی آبادکاری کیلئے اقدامات اٹھائے۔انہوں نے مذید کہا کہ مسلسل بارشوں کی وجہ سے پاکستان کے بیشتر شہر سیلاب کی زد میں آگئے ہیں اور سینکڑوں مکان تباہ ہونے کے ساتھ ساھ ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں آزاد کشمیر کے عوام کو پاکستان کے عوام کی مدد کے لیے میدان عمل میں نکلنا ہوگا سیلاب سے ہونے والی تباہی اور تین کروڑ افراد کا متاثر ہونا انسانی المیہ ہے وقت کا تقاضا ہے کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں تمام تر وسائل ریلیف اور بحالی پر استعمال کریں ملک اور قوم پر یہ انتہائی مشکل وقت ہے اور 8 اکتوبر کے زلزلہ والے جذبے کی ضرورت ہے