سیلاب متاثرہ علاقوںکیلئے آبیانہ اورمالیہ معاف ،سیلاب متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نفاذ کااعلان

0
303

لاہور( این این آئی) صوبائی وزیر مال نواب زادہ منصور احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میںہم اپنے سیلاب متاثرہ بہن بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ان کی بحالی اور مدد کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاوزیر اعلیٰ پنجاب نے جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے بروقت اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے راجن پور،تونسہ،ڈیرہ غازی خان اورعےٰسی خیل کے سیلاب متاثرین کو ریلیف دینے کے لئے بڑا اعلان کیا ہے ۔حکومت نے سیلاب متاثرہ علاقوںکیلئے آبیانہ اورمالیہ معاف کرنے اورسیلاب متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی کے نفاذ کااعلان بھی کیاہے۔ تمام سیلاب متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیاگیاہے۔ حکومت نے مالی امداد جلد از جلد سیلاب متاثرین تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔ گھروں،فصلوں اورلائیوسٹاک کو پہنچنے والے نقصان کا پورا ازالہ کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی جان و مال اور مال مویشیوں کے نقصانات کے ازالہ کے لئے ریلیف پیکج تیار کر لیا گیا ہے۔اس امر کا اظہار صوبائی وزیر مال نوابزادہ منصور علی خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات میں وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے چیک دیتے ہوئے کیا۔وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے مالی امداد کے چیک پر نوابزادہ منصور علی خان کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ پرویز الہٰی نے سیلاب متاثرین کی مدد کے جذبے کو سراہا۔متاثرین سیلاب کی مدد کے لئے آگے آنا عبادت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو فوری طور پر اپنے سیلاب متاثرہ بھائیوں کے لئے دل کھول کر مدد کرنا چاہیے۔ مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ قوم متاثرین کی بحالی اور آبادی کاری کے کار خیر میں بھرپور حصہ ڈالے گی۔ انہوں نے کہا کہ صاحب ثروت افراد کی دینی، قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ سیلاب زدگان کی مدد کو اولین ترجیح دیں۔حکومت پنجاب عوام کی مدد کے ساتھ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے تمام ممکنہ وسائلروئے کار لارہی ہے۔