سید علی گیلانی کے پہلے یوم شہادت پرمقبوضہ کشمیر میں یکم ستمبرکومکمل ہڑتال ہو گی

0
350

سرینگر(این این آئی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی اور دیگر حریت رہنمائوں نے قائد حریت سید علی گیلانی کے پہلے یوم شہادت پر یکم ستمبر جمعرات کو مکمل ہڑتال کی کال کا اعادہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آغا حسن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ اس دن حیدر پورہ سرینگر کی طرف مارچ کریں اورشہید رہنماکو خراج عقیدت پیش کریں۔انہوں نے کہاکہ شہید رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے جوبھارت سے آزادی اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی آزادی کے لیے وقف کر دی اور بھارتی حکام نے انہیں مرتے دم تک گھر میں نظر بند رکھا۔ آغا موسوی نے کہا کہ سیدعلی گیلانی کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گھر میں نظربندی کے دوران طبی سہولیات تک فراہم نہیں کی گئیں۔ سینئرحریت رہنما نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں اور مساجد میں شہید رہنماکے لئے دعائیہ مجالس اور قرآن خوانی کا اہتمام کریں۔آغا حسن نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری آگے آئے اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی راہ ہموار کرنے اور جوہری ہتھیاروں سے لیس پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تصادم کو روکنے کے لیے تنازعہ کشمیر کے حل میں سہولت فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن تنازعہ کشمیر کے تاریخی تناظر میں حل سے جڑا ہوا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور آغا سید حسن الموسوی الصفوی کے نمائندے نثار مرزا نے بھی اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں سید علی گیلانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام عظیم کشمیری رہنما کی بھاری قربانیوں کے مقروض ہیں۔دریں اثناء حریت رہنمائوں خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں ایک مشترکہ بیان میں جمعرات کو مکمل ہڑتال اور حیدر پورہ سرینگر کی طرف مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارت کے فسطائی اقدامات کی مذمت کی۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے خوف و دہشت کا ماحول قائم کررکھا ہے۔