وزیراعظم نوشہرہ میں سیلاب متاثرین کے ساتھ گھل مل گئے، ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا

0
220

پشاور(این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیر کو یہاں سیلاب زدگان ریلیف کیمپ کا دورہ کیا جہاں وہ بچوں سمیت سیلاب زدگان سے ملے اور انہیں حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے ضلع نوشہرہ کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ حکومت ان کی بحالی اور آبادکاری کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت آخری سیلاب زدگان کی بحالی اور آباد کاری تک اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وصوبائی حکومتیں، افواج پاکستان، این ڈی ایم اے اور دیگر قومی تعمیراتی محکمے سیلاب زدگان تک پہنچنے اور انہیں ہنگامی بنیادوں پر ضروری امداد فراہم کرنے کیلئے باہمی تعاون کے ساتھ کام کر رہے ہیں، سیلاب سے تباہ ہونے والی سڑکوں کی تعمیر نو کی جائے گی۔وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ ملک سیلاب کی موجودہ صورتحال سے کامیابی کے ساتھ نکل آئے گا اور متاثرین اپنے معمولات زندگی کی طرف لوٹ آئیں گے۔وزیراعظم نے کیمپ کے اندر سیلاب متاثرین کے مسائل سنے اور انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شہباز شریف نے متاثرین سے کہا کہ وہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور مستقبل کی آفات سے ہمارے عوام کی حفاظت کے لیے دعا کریں۔اس موقع پر وزیراعظم نے بچوں سے پیار کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی، وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام اور ایم پی اے اختیاار ولی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔