شہبازشریف کا آزادی کشمیر کی نشانی، سید علی گیلانی کو پہلے یوم شہادت پر خراج عقیدت

0
256

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہبازشریف نے آزادی کشمیر کی نشانی، سید علی گیلانی کو پہلے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کا سید علی گیلانی کے لئے بابائے حریت کا خطاب اْن کی تاریخی جدوجہد کا اعتراف ہے ۔ اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہاکہ مرد آہن سید علی گیلانی کی جدوجہد حریت اور کشمیر کی آزادی کی تاریخ کا سنہری باب ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سید علی گیلانی ایک فرد نہیں تحریک اور مشن کا نام ہے جس کا نعرہ کشمیر بنے گا پاکستان ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سید علی گیلانی شہید کا جسدخاکی چھین لینے سے کشمیریوں کی آزادی کے لئے تڑپ چھینی نہیں جاسکتی ،اہل پاکستان اور کشمیری سید علی گیلانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے کا ان کا نعرہ آج پوری دنیا میں گونج رہا ہے ۔انہوںنے کہاکہ اللہ تعالی سید علی گیلانی سمیت تمام شہدائے کشمیر کے درجات بلند فرمائے، تمام وابستگان کو صبرجمیل دے۔ آمین