اسلام آباد (این این آئی)مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے ممتاز کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی پہلی برسی پر مرحوم کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ سید علی گیلانی جیسی نمایاں اور طاقتور کشمیری آواز کو ہم سے بچھڑے ایک سال ہو گیا ہے ،جوانی سے وفات تک سید علی گیلانی نے کشمیر کی آزادی کے لیے پر امن جدوجہد کی،وہ کشمیروں کے دلوں کی آواز تھے۔ انہوںنے کہاکہ ایل او سی کے دونوں اطراف کے کشمیری سید علی گیلانی کی آواز پر لبیک کہتے تھے۔ انہوںنے کہاکہ سید علی گیلانی اور ان کا خاندان اپنی پرعزم جدوجھد کے باعث ہندوستانی حکومت کے ظلم و جبر کا شکار رہا ۔انہوںنے کہاکہ بھارتی حکومت نے ان کو عرصہ دراز تک جیلوں میں بند رکھا،ہندوستانی حکومت سید علی گیلانی کے عزم کو شکست دینے میں ناکام رہی ،سید علی گیلانی پاکستان کے زبردست حامی تھے اور وہ خود کو پاکستان کا حصہ سمجھتے تھے۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی حکومت ان سے اتنی خائف تھی کہ ان کی وفات پر مقبوضہ وادی میں کرفیو لگا دیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی حکومت نے کشمیری عوام اور ان کے رشتہ داروں کو جنازے اور تدفین میں شرکت کی اجازت نہ دی۔ انہوںنے کہاکہ اللہ تعالیٰ سید علی گیلانی کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اور کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کامیابی نصیب فرمائے۔