پی ڈی پی کشمیری عوام کے حقوق کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی ، محبوبہ مفتی

0
224

سرینگر(این این آئی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے تنازعہ کشمیر کے حل اور کشمیری عوام کے عزت اور وقار کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے سرینگر میں پارٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔انہوں نے پارٹی کی قرارداد پڑھتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ہم مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کسی بھی سیاسی جماعت کی غیر مشروط حمایت کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں آئے روز ہونے والے قتل کے واقعات اور خونریزی کو روکنے کے لیے کشمیری عوام اور پاکستان کے ساتھ مذاکرات شروع کرے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیاکہ پی ڈی پی جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی جنہیں بھارت نے 5 اگست 2019 کو دفعہ 370اور 35Aکو منسوخ کر کے سلب کر لیا تھا ۔محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ ہمیں مل کر اپنی کھوئی ہوئی شناخت کیلئے جدوجہد کرنا ہو گی ۔ مقبوضہ کشمیرمیں 25لاکھ غیر کشمیری ووٹروں کے اندراج کے بارے میں انہوںنے کہاکہ بی جے پی جموںو کشمیر میں آبادی کا تناسب بگاڑنے کے درپے ہے۔انہوں نے مودی حکومت کو خبردار کیا کہ جموں و کشمیر کی آبادی کے تناسب میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کے سنگین اثرات مرتب ہوں گے اور کشمیر نہ فلسطین ہے نہ بھارت اسرائیل ہے۔محبوبہ مفتی نے مودی حکومت سے تمام کشمیری نظربندوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی بحالی اور تجارتی راستے کھولنے پر بھی زور دیا۔