گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے پاکستان میں سپین کے نئے تعینات ہونے والے سفیر کی ملاقات

0
298

لاہور( این این آئی )گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے پاکستان میں سپین کے نئے تعینات ہونے والے سفیرجوسے اے ڈی اوری نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی ۔ جس میںدو طرفہ تجارت اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔ گورنر پنجاب نے پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس سکیم میں کردار ادا کرنے کے لیے ہسپانوی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امید ہے سپین یورپین یونین میں جی ایس پی پلس سٹیٹس کے معاملے میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوںنے یورپی یونین میں باسمتی چاول کی جی آئی ٹیگنک کے مسئلے پر سپین کے کردار کو سراہا اور کہا کہ سپین پاکستان کا یورپین یونین میں تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔گورنر بلیغ الرحمان نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے سپین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔پاکستان کا موسمیاتی تبدیلیوں میں کردار کم جبکہ نقصان زیادہ ہوا ہے۔ماحول کو نقصان پہنچانے والی گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ بہت کم ہے،پاکستان میں حالیہ سیلاب کی وجہ موسمیاتی تبدیلیاں اور صنعتی آلودگی ہے۔ہسپانوی سفیر نے گورنر پنجاب کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے ذمہ دار ممالک کو اس موقع پر پاکستان کی خصوصی طور پر مدد کرنی چاہیے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ثقافتی تعلقات کو فروغ دیں گے ۔