قمر زمان کائرہ سے فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کی چیئرپرسن غزالہ حبیب کی ملاقات

0
209

اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ سے اسلام آباد میں فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کی چیئرپرسن غزالہ حبیب نے ملاقات کی۔ ملاقات میں فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کے وائس چیئرمین عبدالحمید لون نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مزمت کرتے ہوئے مشیر امور کشمیر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بغیر کسی روک ٹوک کے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری دنیا کے جس فورم پر جاتے ہیں وہ سب سے پہلے مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کے جدید دور میں جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے عالمی رائے عامہ کو مزید ہموار کرنا ہو گا۔ مشیر امور کشمیر نے کہا کہ ان کو وزارت مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور انہوں نے وزارت کا منصب سنبھالتے ہی مسلہ کشمیر پر کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کی کانفرنس بلائی۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرز کی ایک کانفرنس مستقبل قریب میں بھی بلائی جائے گی جس میں مسئلہ کشمیر کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے کشمیر سے ریٹائر ججز اور وکلاء کو مدعو کیا جائیگا۔ ملاقات میں فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کی چیئرپرسن غزالہ حبیب نے مسئلہ کشمیر سے متعلق اپنے ادارے کی کوششوں سے مشیر امور کشمیر کو آگاہ کیا اور کہا کہ فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کیلئے روزانہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ ملاقات میں فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کے وائس چیئرمین عبدالحمید لون نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کے بھارتی غیرقانونی ہتھکنڈے کشمیروں کو مرعوب نہیں کر سکتے اور کشمیری نوجوان بھارت سے اپنا حق خودارادیت چھین کر رہیں گے۔