سردار تنویر الیاس کا وفاقی حکومت کے افسر کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری قبول کرنے سے انکار

0
216

مظفر آباد (این این آئی) وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے وفاقی حکومت کی جانب سے گریڈ 19 کے آفیسر کو بحیثیت ایڈیشنل چیف سیکرٹری قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے آزادکشمیر کے گریڈ 22 کے افسر فیاض علی عباسی کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ کا چارج سونپ دیا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد کی جانب سے 21 ستمبر 2022ئکو ایک نوٹیفکیشن کے تحت پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 19 کے آفیسر مظفر خان کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ آزاد کشمیر تعینات کیا گیا تھا جس پر وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے جونیئر موسٹ آفیسر کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ تعیناتی کے معاملے پر وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر حکومت کی ضرورت اور مرضی کے مغائر جونیئر آفیسر کو تعینات کیا ہے، استحقاق اور مرضی کے بغیر وفاقی حکومت کی جانب سے اہم پوسٹ پر جونیئر افسر کی تعیناتی نظام کی تذلیل ہے جسے قبول نہیں کریں گے۔ وزیراعظم نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ اہم ترین پوسٹ پر کسی سینئر آفیسر کو بھیجا جائے۔ وفاق کی جانب سے معاملے کا نوٹس نہ لیے جانے پر وزیراعظم آزا دکشمیر نے آزاد کشمیر کے گریڈ 22 کے آفیسر موجودہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فیاض علی عباسی کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ کا اضافی چارج سونپ دیا ہے جس کا محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری ہو چکا ہے۔