پاکستان کا کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کا فیصلہ

0
390

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کے لیے ایڈوانس بکنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ایک انٹرویومیں پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت نوشین حامد نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے دوا کی ایڈوانس بکنگ کرانے کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد حکومتی سطح پر پاکستان نے 2 بڑی فارماسیوٹیکل کمپنیوں سے رابطہ کیا ہے۔نوشین حامد نے بتایا کہ بہت جلد پاکستان ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کیلئے پیسے ادا کردے گا۔پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ایک کروڑ پاکستانیوں کو ویکسین میسر آئے گی، پہلے مرحلے پر فرنٹ لائن ورکرز اور 65 سال سے بڑی عمر کے لوگوں کو ویکسین لگے گی۔انہوںنے کہاکہ حکومت نے اپنے جلسے فوری طورپر منسوخ کر دیے ہیں، صنعتوں اور ریسٹورینٹس میں ایس اوپیز پر سختی سے عمل کے احکامات بھی دے دیے ہیں۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر شدت اختیار کرتی جارہی ہے جس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 33 افراد وائرس سے جاں بحق ہوگئے۔سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7193 ہوگئی ہے جب مجموعی کیسز 3 لاکھ 61082 تک جا پہنچے ہیں۔