اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس (کل) بدھ کی صبح پی ایم ہائوس میں ہو گا،وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میںشرکت کیلئے دورہ امریکا پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیں گے،نئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بھی خوش آمدید کہاجائے گا ، سیاسی صورتحال پر مشاورت اور معاشی صورتحال پر کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق آڈیو لیکس اور عمران خان کی کالز سمیت دیگر سیاسی معاملات پر ارکان اپنی رائے دیں گے۔کابینہ کے پانچ رکنی ایجنڈے کے مطابق 7ستمبر کو کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور کابینہ کی کمیٹی بر ائے قانون سازی کے 15ستمبر کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی جا ئے گی۔ کابینہ 21 ستمبر کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کا بھی جائزہ لے گی ۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے منصوبے لیونگ انڈس انیشیٹیو، بورڈ آف انویسٹمنٹ کی معاہدوں سے متعلق اسٹریٹجی کی سمری بھی منظوری کیلئے کابینہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔