جدت کو ضرور اپنایا جانا چاہیے لیکن اس کیلئے اصل پہچان کو پس پشت نہ ڈالا جائے ‘ نعمان اعجاز

0
203

لاہور( این این آئی)سینئر اداکار نعمان اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان تہذیب اور ثقافت میں ایک پہچان رکھتا ہے لیکن بد قسمتی سے آج ہم اپنی اصل ڈگر سے ہٹتے جارہے ہیں،جدت کو ضرور اپنایا جانا چاہیے لیکن اس کیلئے اپنی اصل پہچان کو پس پشت نہیں ڈالنا چاہیے ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ ہر چیز اپنی مقرر ہ حد میں اچھی لگتی ہے اور جب تجاوز کیا جاتا ہے تو اس کے زیادہ منفی نتائج ہی نکلتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ میں صرف شوبز کی بات نہیں کر رہا ہمیں اپنے معاشرے میں مجموعی طور پر دیکھنے کی ضرورت ہے۔ اگرسچی بات کی جائے تو سب کی یہ رائے ہو گی کہ ہم جس راستے پر چل رہے ہیں یہ ہرگز ہمارا راستہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بتایا جائے آج ہم اپنی نوجوان نسل کی کیاتربیت کر رہے ہیں ۔ ہمارے پاس اب بھی وقت ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو اپنی تہذیب اور ثقافت سے آگاہ کریں وگرنہ آنے والے چند سالوں میں وقت ہاتھوں سے نکلتا ہوا نظر آرہا ہے جس کے معاشرے پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔