عمران خان کی سالگرہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی

0
178

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سالگرہ ایک دن قبل ہی ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی ۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر ٹرینڈنگ پر منگل کو سب سے اوپر عمران خان کی سالگرہ ٹرینڈ کر رہی تھی، سابق وزیر اعظم عمران خان کے اندرونِ و بیرونِ ملک موجود مداح، حمایتی اور سیاسی کارکنان اْنہیں سالگرہ کی مبارکباد دے رہے تھے۔دوسری جانب اگر عمران خان کی سالگرہ کی تاریخ کی بات کی جائے تو اْن کی سالگرہ (کل)پانچ اکتوبر کو ہے، عمران خان بدھ کو70 برسوں کے ہو جائیں گے۔عمران خان کی 70 ویں سالگرہ کے سلسلے میں ملک بھر میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام کارکنان سالگرہ کی تقریبات کا اہتمام کریں گے۔ عمران خان پانچ اکتوبر 1952ء کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے، وہ چار بہنوں کے اکلوتے بھائی ہیں، انہوں نے ابتدائی تعلیم پاکستان میں ہی حاصل کرنے کے بعد برطانیہ کا رخ کیا۔تعلیم کے حصول کے ساتھ عمران خان نے کرکٹ میں بھی خود کو منوایا اور اٹھارہ سال کی عمر میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کی۔عمران خان کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم 1992 کے ورلڈکپ میں فتح یاب ہوئی۔عمران خان نے 25 اپریل 1996ء کو اپنی سیاسی جماعت تحریک انصاف کی بنیاد رکھی۔ 2002 میں میانوالی سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور 17 اگست 2018 ء کو عمران خان ملک کے وزیر اعظم بنے تھے۔