عافیہ صدیقی کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے، معاملے کو زیر بحث نہیں لایا جا سکتا،حنا ربانی کھر

0
211

اسلام آباد (این این آئی) سینٹ کو بتایاگیا ہے کہ عافیہ صدیقی کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے، معاملے کو زیر بحث نہیں لایا جا سکتا،عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کوششیں جاری ہیں، ارکان کو اس حوالے سے معلومات فراہم کر دی جائیں گی،دنیا مختلف تجارتی بلاکس میں تقسیم ہے، کوشش ہے برآمدات میں اضافے کے لئے پاکستان آسیان کی رکنیت حاصل کرلے،کوویڈ 19 کے بعد چین نے پاکستانی طلبا کو واپسی کی اجازت دی ہے، سفری کرائے بھی جلد معمول پر آ جائیں گے۔ منگل کو وقفہ سوالات کے دور ان وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا کہ عافیہ صدیقی کی بہن نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہوا ہے، عدالت کی ہدایت ہے یہ معاملہ زیر سماعت ہے اس لئے اس کو زیر بحث نہ لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ ارکان کو اس حوالے سے معلومات فراہم کر دی جائیں گی کہ حکومت اس حوالے سے کیا اقدامات کر رہی ہے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے کہاکہ ملائیشیا نے آسیان کی رکنیت کے لئے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، ایف اے ٹی ایف میں بھی ملائیشیا نے پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے، پوری دنیا اس وقت مختلف تجارتی بلاکس میں تقسیم ہے، پاکستان کی کوشش ہے کہ آسیان کی رکنیت حاصل کر لے اس سے ہماری برآمدات بڑھ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعات برآمد بڑھانے کے ساتھ ساتھ حکومت کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ افرادی قوت خلیجی ریاستوں اور دیگر ممالک کو بھجوائی جائے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ اس وقت تجارتی توازن چین کے حق میں ہے، ہماری کوشش ہے کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں ٹیرف لائن میں چین سے رعایت کی جائے، چین کی حکومت نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، کوویڈ 19 کے بعد چین نے پاکستانی طلبا کو واپسی کی اجازت دی ہے، سفری کرائے بھی جلد معمول پر آ جائیں گے۔