مشعال ملک حریت رہنما الطاف شاہ کی تہاڑ جیل میں دوران حراست وفات پر مودی حکومت پر برہم

0
659

اسلام آباد (این این آئی)پیس اینڈ جسٹس پارٹی کی چیئرپرسن اور کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما الطاف احمد شاہ کی دوران حراست وفات پر مودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ اس قتل کی وجہ بھارتی حکومت کا ظالمانہ رویہ ہے۔مشعال ملک نے ایک ٹوئٹ میں کہاکہ الطاف احمد شاہ کے دوران حراست انتقال کی وجہ بھارتی حکومت کا ظالمانہ رویہ ہے ۔انہوں نے لکھا کہ حریت رہنما سید علی گیلانی کے داماد الطاف احمد شاہ جو کینسر کے مرض میں مبتلا تھے گزشتہ 5سال سے دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید تھے ۔انہوں نے کہاکہ گردوں کے کینسر کے باوجود انہیں علاج معالجے کی سہولت سے محروم رکھا گیا اور کینسر جسم کے دیگر حصوں تک پھیلنے کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیاگیا ۔ مشعال ملک نے کہاکہ الطاف شاہ کے قتل کا ذمہ دار بھارت ہے۔انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں الطاف احمد شاہ کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں کشمیری قیدیوں کا کوئی بھی ساتھ نہیں دیتا۔واضح رہے کہ سرینگر کے علاقے صورہ کے رہائشی حریت رہنما الطاف احمد شاہ کو 25جولائی 2017 کو 6دیگر افراد کے ساتھ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے ایک جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا تھا اور وہ مسلسل تہاڑ جیل میں قید تھے۔