وزیر اعظم کا تحفہ ،بلوچستان اور سابق فاٹا کے طالب علموں کے لئے تعلیمی اخراجات ختم

0
160

اسلام آبا د(این این آئی)وزیراعظم شہبازشریف کا بلوچستان اور سابق فاٹا کے طالب علموں کے لئے بڑا تحفہ ،بلوچستان اور سابق فاٹا کے طالب علموں کے لئے تعلیمی اخراجات ختم کردئیے گئے۔ جمعرات کو بلوچستان اور سابق فاٹاکے طالب علموں کی اعلی تعلیم کی حوصلہ افزائی کیلئے وزیراعظم نے اقدام اٹھایا ،اقدام کا مقصد قومی اتحاد، اخوت اور بھائی چارے کی فضا کا فروغ ہے ۔ اعلامیہ کے مطابق اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں بلوچستان اور سابق فاٹا کے طالب علم مفت تعلیم حاصل کرسکیں گے ۔بلوچستان اور سابق فاٹا کے طالب علموں کیلئے تعلیمی پیکج سے متعلق باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا جس کے مطابق طالب علموں کے پچاس فیصد تعلیمی اخراجات وفاقی حکومت ادا کرے گی ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق طالب علموں کی پچاس فیصد فیس اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ادا کرے گی ،وزیراعظم کی ہدایات پر یونیورسٹی سے نکالے گئے طالب علم بھی بحال کردئیے گئے ،متعلقہ طالب علموں کو یونیورسٹی کی طرف سے جاری نوٹس بھی واپس ہوگئے ،وزیراعظم شہبازشریف نے اسی طرح کی سہولیات وزیراعلی پنجاب کے طورپر طالب علموں کو دی تھیں۔