بیس کیمپ کی حکومت اور عوام اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں،وزیراعظم آزادکشمیر

0
294

مظفرآباد(این این آئی)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویر الیا س خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیرکی حکومت پوری ریاست کی نمائندہ حکومت ہے، بیس کیمپ کی حکومت اور عوام اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔حقیقی آزادی اس دن ہوگی جب مقبوضہ کشمیر بھی ہندوستانی تسلط سے آزاد ہوگا۔دنیا یاد رکھے کہ کشمیر کا تنازعہ زمین کے ٹکڑے کا نہیں بلکہ ڈیڑھ کروڑ انسانی زندگیوں کا مسئلہ ہے۔ آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کا 75واں یوم تاسیس ہمارے اسلاف کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔1947میں ہمارے اسلاف اور مجاہدین نے بے سروسامانی کے عالم یہ خطہ آزاد کروایا۔آج کے دن آزادکشمیر کے عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ آپ کو بدلا ہوا آزادکشمیر دیں گے۔مسلح افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ہندوستان شاید مسلمانوں کی تاریخ سے واقف نہیں،طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی تحریک کو نہیں دبایا جا سکتا۔ مسئلہ کشمیر حل نہ کیا گیا تو پھر ہمارے پاس اختیار ہے کہ کوئی دوسرا راستہ اختیا ر کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے 75ویں یوم تاسیس کے موقع پر دارلحکومت مظفرآبادکے پریڈ گراونڈ میں منعقدہ یوم تاسیس کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی قائم مقام صدرآزاد جموں وکشمیرچوہدری انوار الحق تھے۔ مرکزی تقریب میں سینئر موسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد، وزرا حکومت،ممبران اسمبلی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹریز صاحبان،سول و عسکری حکام کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان نے کہاکہ چوہدری غلام عباس جیسے عظیم رہنمائو ں نے اسوقت جدوجہد کی قیادت کی اور محسن کشمیر غازی ملت سردارمحمد ابراہیم خان کی سربراہی میں بیس کیمپ کی حکومت قائم ہوئی۔ جس عظیم مقصد کیلئے بیس کیمپ کی حکومت کا قیام عمل میں لایا گیا اسکی تکمیل کیلئے بیس کیمپ کی حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی حکومت آرایس ایس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، اقوام عالم،یواین اور او آئی سی سمیت دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کروایا جائے۔ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان نے انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں کی ہیں، حریت قیادت کو جیلوں میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ہماری حکومت نے تحریک آزادی کشمیر کیلئے قربانی کی عظیم داستان رقم کرنے والے کیپٹن سرور شہیدکا یوم شہادت بھرپور انداز سے منایا۔ وزیراعظم سردارتنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادخطہ میں گڈ گورننس کے نفاذ کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لارہے ہیں، آزادکشمیر کے عوام سے وعدہ ہے کہ آپ کو بدلا ہوا کشمیر دیں گے۔