راولپنڈی (این این آئی)صدر ِمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا غلط معلومات یا بطور جعلی پروپیگنڈے کے اوزار استعمال نہیں ہونا چاہیے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صدر ِمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا۔صدرِ پاکستان نے 23 ویں نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاء سے خطاب میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر گفتگو کی۔صدر نے مستقبل کے چیلنجز کے مطابق معیاری تربیت دینے پر یونیورسٹی کی خدمات کو سراہا۔صدر ِمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خطاب میں کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں اپنی سماجی اور ثقافتی اقدار کا تحفظ کرنا ہو گا، کورس کے شرکاء خود کو تازہ ترین پیش رفت سے باخبر رکھیںصدرِ پاکستان نے کہا کہ طلباء پرامن اور خوش حال پاکستان کے لیے سخت محنت کریں، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور مواصلاتی شعبے میں ترقی پر توجہ دینا ہو گی۔صدر ِمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ ٹیکنالوجیز خصوصاً ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا استعمال معاشرے کی بہتری کے لیے ہونا چاہیے۔