ملک بھر میں حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں ،عمران خان فارن کے کنٹینر پر صورتحال خراب ہو رہی ہے،وزیر اطلاعات

0
291

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے کہاہے کہ ملک بھر میں حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں ،عمران خان فارن کے کنٹینر پر صورتحال خراب ہو رہی ہے، عوام کیلئے خوشخبری ہے عمران خان نے خودکہہ دیا ہے الیکشن دس ماہ کے بعد ہوں گے،ہم نے پہلے ہی کہا تھا الیکشن اپنی آئینی مدت پر ہونگے ،ہم نے مشکل فیصلے کر کے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، مہنگائی کا ذمہ دار فارن فنڈڈ فتنہ عمران خان ہے،روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کم رہی ہے ، مہنگائی کارجحان بھی کم ہورہاہے ،آج خواتین انگوٹھوں پر سیاہی کے نشان لگا کر شناختی کارڈ لے کر قطاروں میں نہیں کھڑیں، سیلاب کے باوجود کوئی بحران نہیں ،کسان پیکیج سے انشاء اللہ پاکستان دوبارہ بمپر فصلوں کی طرف جائیگا،سمال میڈیم انٹرپرائزز، نوجوانوں اور ہاریوں، چھوٹے کسانوں کو آسان قرضے دیئے جائیں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے شہریوں کیلئے سفری سہولیات کو بہتر کرنے کیلئے میٹرو بس سروس کا سیکٹر وائز اعلان کیا ہے،13 روٹس پر 128 بسیں مرحلہ وار چلائی جائیں گی۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ روٹس کا تعین کرلیا گیا ہے، موجودہ میٹرو بسوں کے اسٹاپس کو ان بسوں کے روٹس کے ساتھ لنک کیا جائے گا۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ اسلام آباد کے لوگوں، طلبائ، نوجوانوں، کاروباری افراد، مزدوروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ راولپنڈی اور مری اور ملحقہ علاقوں سے اسلام آباد آنے والوں کے لئے ماس ٹرانزٹ کا انتظام کرنا وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ پچھلے چار سال کی نالائقی، نااہلی، چوری، ڈکیتی، کرپشن کے اثرات کم ہو رہے ہیں، پچھلے چار سال مہنگائی، بے روزگاری رہی، غیر ملکی تعلقات خراب ہوئے، غیر ملکی سرمایہ کاری تاخیر کا شکار رہی۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ اللہ کے فضل و کرم سے ہر چیز دوبارہ سے استحکام کی طرف جا رہی ہے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ ہم اپنے پچھلے دور میں جو سہولیات عوام کو دے کر گئے تھے، دوبارہ سے اسی وڑن اور جذبے کے ساتھ ملک کو خوشحال کرنے کی راہ پر گامزن ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ ملک کے معاشی حالات بہتری کی طرف گامزن ہیں، جب تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے جا رہی تھی تو عمران خان نے سازشیں شروع کر دیں۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران خان نے آئی ایم ایف کی جن شرائط پر دستخط کئے تھے، اس پر عمل کرنا ضروری تھا۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ ہم نے مشکل فیصلے کئے، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، مہنگائی کا ذمہ دار فارن فنڈڈ فتنہ عمران خان ہے انہوںنے کہاکہ اب مہنگائی کا رجحان کم ہو رہا ہے، روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کم ہو رہی ہے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ زرمبادلہ کے ذخائر بھی مستحکم ہو رہے ہیں، تمام مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف دیا جا رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے تقریباً 600 ارب روپے کے تاریخی کسان پیکیج کا اعلان کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ آج خواتین انگوٹھوں پر سیاہی کے نشان لگا کر شناختی کارڈ لے کر قطاروں میں نہیں کھڑیں، سیلاب کے باوجود کوئی بحران نہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بہترین معیار کی گندم شفاف عمل کے ذریعے درآمد کی گئی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ سابقہ حکومت گندم کو برآمد کرتی، یہاں پر مصنوعی قلت پیدا کرتے اور پھر گندم کو دوبارہ برآمد کرتے اور لوگوں کو مہنگی قیمت پر فروخت کی جاتی تھی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے ملک کو بمپر فصلوں کی سطح پر لا کر ان نالائقوں کے حوالے کیا، کسان پیکیج سے انشاء اللہ پاکستان دوبارہ بمپر فصلوں کی طرف جائے گا،سمال میڈیم انٹرپرائزز، نوجوانوں اور ہاریوں، چھوٹے کسانوں کو آسان قرضے دیئے جائیں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ان کیلئے بجلی کے نرخ 13 روپے فی یونٹ مقرر کئے گئے ہیں، سیلاب کی صورتحال میں وزیراعظم نے کسانوں کا سوچا۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ پوری دنیا سے پاکستان میں سرمایہ کاری دوبارہ بحال ہو رہی ہے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ وزیراعظم پچھلے پانچ میں سیلاب زدہ علاقوں کے بھی دورے کئے، سیلاب متاثرین کے سروں پر ہاتھ رکھا، وزیراعظم نے فارن فنڈڈ کے ہاتھوں تباہ ہونے والے سفارتی تعلقات کو بھی بحال کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ دنیا بھر سے لوگ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پچھلے چار سال سی پیک منصوبے تاخیر کا شکار رہے، اسے ہم نے دوبارہ سے بحال کیا ہے، چین کے دورہ کی تفصیلات پانچ بجے وزیراعظم خود اس پر تفصیلی بتائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان کی سیاسی صورتحال کے باوجود میڈیا نے وزیراعظم کے بیرونی ممالک دوروں کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے بھرپور کوریج دی جس پر میڈیا کے مشکور ہیں