اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی،قائد حزب اختلاف کی سید نوید قمر کو پارلیمنٹرینز فار گلوبل ایکشن کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

0
383

اسلام آباد (این این آئی)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض احمد نے وفاقی وزیر برائے کامرس سید نوید قمر کو پارلیمنٹرینز فار گلوبل ایکشن (پی جی اے) کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور قائد حزب اختلاف نے اپنے علیحدہ علیحدہ تہنیتی پیغامات میں کہا کہ سید نوید قمر کا پی جی اے کا صدر منتخب ہونا موجودہ پارلیمنٹ کی متحرک اور فعال پارلیمانی سفارت کاری کی عکاسی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی کی قیادت میں پی جی اے کے سالانہ اجلاس میں شرکت کرنے والے پاکستانی پارلیمانی وفد کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سید نوید قمر کا پی جی اے کا صدر منتخب ہونا ملک کے لیے بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید نوید قمر سینئر اور تجربہ کار رکن پارلیمان ہیں اور وہ پہلے پاکستانی ممبر پارلیمنٹ ہیں جو پی جی اے کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سید نوید قمر اس بین الاقوامی پلیٹ فارم پر ماحولیاتی سفارتکاری اور خطے میں امن کے قیام کو ترجیح دینے کے پاکستان کے ایجنڈا کو اجاگر کرنے کیلئے بھرپور کاوشیں کریں گے۔انہوں نے بطور پی جی اے کے صدر سید نوید قمر کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے کامرس سید نوید قمر ارجنٹائن میں منعقدہ پارلیمنٹرینز فار گلوبل ایکشن (PGA) کیاجلاس کے دوران دو سال کی مدت کیلئے پی جی اے کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔