چینی ایجوکیشن گروپ اور پاکستانی یونیورسٹی کے درمیان طبی تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

0
224

بیجنگ ( این این آئی) ایک چینی ایجوکیشن گروپ اور ایک پاکستانی یونیورسٹی کے درمیان طبی تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ چین کے تانگ انٹرنیشنل ایجوکیشن گروپ اور پاکستان کی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان روایتی چینی ادویات میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ان خیالات کا اظہار تانگ انٹرنیشنل ایجوکیشن گروپ کے اوورسیز آپریشن سینٹر کے وائس ڈائریکٹر چھو ہائی تیائو نے انٹرویو میں کیا۔ نائب ڈائریکٹر نے کہا تعاون کو جزوی طور پر چین پاکستان ہیلتھ کوریڈور سے تقویت ملی ہے،دونوں ممالک کے درمیان ٹی سی ایم تعاون کچھ عرصے سے جاری ہے اور ہم اسے تعلیمی تعاون کے ذریعے آگے بڑھانا چاہیں گے۔ پہلا قدم یہ ہے کہ پاکستانی یونیورسٹیوں کے ساتھ چین پاکستان میڈیکل سنٹر کی تعمیر اور ٹی سی ایم ٹیلنٹ کو تکنیکی، انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ سطحوں پر پروان چڑھایا جائے۔ تعلیم کو صنعت کے ساتھ مربوط کرنے کے لیے مزید کیا جائے گا، جیسا کہ ٹی سی ایم کے لیے تعلیمی اور صنعتی معیارات وضع کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گروپ کے پاس اس مقصد کے لیے کام کرنے کے لیے تقریباً 20 بین الاقوامی ماہرین کی ٹیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہربل میڈیسن کا صرف ابتدائی مطالعہ اور اطلاق ہے،پروسیسنگ کے دوران بہت سی قیمتی جڑی بوٹیوں کے پودے ضائع ہو جاتے ہیں، مل کر کام کرنے سے ہم ایسے وسائل کا بہتر استعمال کر سکتے ہیں اور مزید دریافت کر سکتے ہیں۔ امید ہے کہ ٹی سی ایم ایجوکیشن ور پاکستان میں صنعتی تعاون سے مقامی لوگوں کو سستی طبی خدمات میسر آئیں گی۔