ذیابیطس پوری دنیا اور خاص طور پر پاکستان کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے ، راجہ پرویزاشرف

0
261

اسلام آباد (این این آئی)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ ذیابیطس پوری دنیا اور خاص طور پر پاکستان کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے ،پوری قوم مل کر اس مرض کے سدباب کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ پیر کو عالمی یوم ذیابیطس کے موقع پرجاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ ذیابیطس پوری دنیا اور خاص طور پر پاکستان کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے ، پاکستانی عوام کی بڑی تعداد اس مرض میں مبتلا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کا مرض سالانہ ہزاروں افراد کے اموات کا سبب بنتا ہے ، متوازن غذا، ورزش اور صحت مند طرز زندگی کو اپنا کر اس مرض پر قابو پانا ممکن ہے ۔سپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ ورزش اور دیگر احتیاطی تدابیر کو اپنا کر ذیابیطس کے مریض ایک صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں ۔ انہوں نے ذیابیطس کے مسائل سے متعلق حکومتی سطح پر آگاہی مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی اور صوبائی حکومتیں مل کر اس مرض سے مبتلا افراد کیلئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں،ایک صحت مند معاشرہ ہی ملک کی تعمیر و ترقی کا ضامن ہے ، معاشرے کے ہر فرد کو اس مرض کے روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔