بلدیاتی الیکشن ہر حال میں ہونگے،وزیراعظم آزاد کشمیر

0
375

راولپنڈی (این این آئی)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن ہر حال میں ہونگے۔آزادجموں و کشمیر کے اندر اسوقت لوگوں کے اندر خوشی اور ولولہ ہے کہ اکتیس سال بعد بلدیاتی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔وفاق سے امید ہے کہ وہ ریاست کے عوام کی خواہشات کا احترام کرتے ہوے مطلوبہ سیکیورٹی فراہم کریگا۔ہم نے منصوبہ بندی کر رکھی ہے انشاء اللہ بلدیاتی الیکشن ہر حال میں کروائیں گے۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ کی بھانجی کی شادی کی تقریب میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوے کیا۔اس موقع پر مشیر حکومت حافظ حامد رضا،ممبر اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ،ممبر اسمبلی محترمہ امتیاز نسیم،صدر اے کے این ایس سردار زاہد تبسم بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ہر جگہ ہر کلیئر موقف اختیار کیا ہے،وفاقی حکومت سے بھی کہا ہے،حکومت اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی،جہاں تک دوسرے اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے جیسا کہ وفاقی حکومت کی ہمیں یقین ہے کہ وہ بھی اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں اسوقت خوشی کا عالم ہے خاص طور پر عام آدمی،نوجوان بہت متحرک اور خوش ہیں،31 سال بعد لوگوں کو ان کا حق ملنے جا رہا ہے کہ وہ امور ریاست اور امور حکومت میں حصہ لیں۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ ہم کسی صورت اس فیصلے کو بدلنے نہیں جا رہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے بہت اخراجات ہوے ہیں ان کے اندر ایک جوش اور ولولہ ہے انہیں اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ لوگوں کو ان کا حق ملنے جا رہا ہے یہ بہت بڑی بات ہے اس لئے حکومت بھی ہرعزم ہے کہ الیکشن ہر حال میں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ ہم ان پر کوئی احسان نہیں کر رہے بلکہ ان کا حق ان کو لوٹا رہے ہیں اور اپنی زمہ داریاں پوری کر رہے ہیں،ریاست کے ہر شہری کا حق ہے کہ وہ اپنے روزمرہ کے معاملات،گلی،محلے،وارڈ، یونین کونسل کی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے دوٹوک لفظوں میں کہا کہ الیکشن ہر حال میں ہونگے،وفاق کو سیکیورٹی کا کہا ہے،ہمارے پاس بھی پلان اے،بی اور سی موجود ہیں۔ہمیں وفاقی اداروں پر پورا اعتماد ہے کہ وہ ریاست کے لوگوں کی خواہشات کا احترام کرتے ہوے حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے