شکر ہے اپوزیشن کے جلسوں کے بہانے عمران خان کو کرونا کا خیال تو آیا، شیری رحمان

0
306

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے عمران خان کے ٹویٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شکر ہے کہ اپوزیشن کے جلسوں کے بہانے عمران خان کو کرونا کا خیال تو آیا، جب حکومت ہاتھ سے نکلنے لگی تو عمران خان کرونا وائرس کی صدائیں لگانے لگے۔ شیری رحمان نے کہاکہ اپوزیشن عمران خان اور کرونا وائرس دونوں سے عوام کو نجات دلائے گی، جس کرونا کو عمران خان معمولی زکام کہتے تھے، آج اس کا نام لے کر ڈرا رہے ہیں، عوام نے عمران خان کو اپنے تیور دکھائے تو انہیں کرونا یاد آگیا، پہلے عمران خان کرونا کو سندھ حکومت کا بہانہ کہتے کہتے نہ تھکتے تھے۔شیری رحمان نے سوال کیا کہ عمران خان وضاحت کریں کہ کیا کرونا وائرس صرف اپوزیشن کے جلسوں سے پھیلتا ہے؟ ۔ شیری رحمن نے نصیحت کی کہ عمران خان کبھی خود بھی عوامی مقامات پر ماسک پہن لیا کریں۔ انہوںنے کہاکہ جس تصویر میں دیکھو، عمران خان بغیر ماسک کے نظر آتے ہیں اور دوسروں کو تلقین کررہے ہیں، انہوںنے کہاکہ کرونا وائرس کی ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے اپوزیشن کے جلسے ہوں گے، عمران خان خود تو کرونا وائرس کی ایس او پیز کا خیال نہیں رکھتے اور دوسروں پر اعتراض کررہے ہیں، عمران خان اپوزیشن کے جلسوں کی پیروی کرتے ہوئے ملک میں کرونا وائرس کی ایس او پیز کا نفاذ کریں۔