جب تک بیرون ملک سے خطرہ رہے گا ایرانی افواج اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی، ایران

0
355

تہران (این این آئی)ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے انتباہ کیا ہے کہ ‘ ایران بیرون ملک سے آنے والے خطرات کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھے گا۔ وہ عراق میں موجود کرد باغیوں کے تازہ حملوں کے بارے میں بات کر رہے تھے۔اس سلسلے میں ایران کا مسلسل یہ الزام ہے کہ جلاوطن کرد باغیوں کے پیچھے غیر ملکی طاقتیں ہیں۔ انہی طاقتوں کی وجہ سے ایران کے اندر 16 ستمبر سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں اور انہی طاقتوں کہ شہ پر بیرون ملک سے ایران پر حملے شروع کیے گئے ہیں۔ایرانی وزیر خارجہ نے اس سلسلے میں اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہاکہ سازش کو ہم سمجھ چکے ہیں، غیر ملکی سازش ایران میں دہشت گردانہ جنگ شروع کے خانہ جنگی پیدا کرنے کے لیے ہے۔ ان عالمی طاقتوں کا مقصد ایران کو غیر مستحکم کرنا اور بالآخر توڑنا ہے۔ لیکن ایران نے اس سازش کو پچھلے آٹھ ہفتوں میں ناکام بنا دیا ہے۔ ‘واضح رہے منگل کے روز ایرانی سپاہ پاسداران نے ایران سے ڈرون طیاروں اور میزائلوں سے حملہ کیا۔ ان ڈرون حملوں کا نشانہ کردش فریڈم پارٹی کے لوگ تھے جو ایرانی باغی گروپ ہے اور عراق میں پناہ لیے ہوئے ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا جب تک ہمیں بیرون ملک اور پڑوس سے خطرہ موجود ہے ایرانی افواج بین الاقوامی قوانین کے اندر رہتے ہوئے اپنی کارروائیاں جار رکھیں گی۔